محمد۔۔۔۔سرکار دو عالم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کا ذاتی نام ہے۔ جب یہ نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی ذات گرامی کے لیے بولا جائے تو اس وقت اسکا دائرہ العالمین ہوتا ہے۔ جب آپکی امت کے کسی ولی کے لیے بولا جائے تو وہاں سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے فیض کا مظہر ہونے کی حثییت سے بولا جاتا ہے اور ساتھ مقصود نامِ محمد کی برکات کا حصول بھی ہوتا ہے۔ کریم یہ اللہ تعالٰی کی صفت کاملہ ہے اور اسکا فیضان مخلوق میں سب سے پہلے حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کو بدرجہ اتم نصیب ہوا اور پھر آپکی وساطت سے حسب ظرف اور حسب مرتبہ یہ صفت آپکی امت کے منتخب افراد کو عطا کی گئی۔۔۔۔انہی ہستیوں میں ایک شخصیت مفکر اسلام، مفسر قرآن، ضیاء الامت، حضرت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللّٰہ علیہ کی ہے۔
جو لوگ آپ سے ملے ہیں وہ اچھے طریقے سے جانتے ہیں کہ
پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللّٰہ علیہ ایک ہشت پہلو ہیرے کا نام ہے۔۔۔۔جس کی ہر جہت چمک چمک کر زمانے کو کرم کی بھیک عطا کر رہی ہے۔
پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللّٰہ علیہ نور کے ایسے دھارے کا نام ہے جو شمس و قمر سیال سے مستنیر ہوکر سارے جہان کو خیرات نور بانٹ رہا ہے۔
پیر محمد کرم شاہ الازہری ایسے پھول کا نام ہے جس کو سونگھنے والا جتنی عقیدت اور محبت سے سونگھے۔۔۔۔اس کے مشامِ ایمان اتنے زیادہ معطر ہو جاتے ہیں آپکے اسم گرامی کے ساتھ اگر شخصیت کا ربط تلاش کریں گے تو۔۔۔۔
آپ کی نوک قلم سے نکلنے والا ہر حرف اسکی گواہی دے گا اور کہے گا مجھے لکھنے والے نے نفرتوں کے فروغ کے لیے نہیں لکھا بلکہ انسانیت کو جہنم سے بچانے کے لیے اور حق کی راہ دکھانے کے لیے لکھا ہے۔
انکے سامنے زانوئے تلمذ طے کرنے والا آپکا ہر شاگرد آپکی خوئے دلبری کی شہادت دے گا۔
زندگی کے کسی بھی موڑ پہ ملنے والا ہر،ہر فرد انکے دل جیتنے والے حسین رویے کی تعریف کرتا نظر آئے گا اور ہر ارادت مند انکی کرم نوازیوں کو بیان کرتا نظر آئے گا
:حضور ضیاءالامت رحمۃ اللّٰہ علیہ کی خزانہ غیب سے نصرت
حضرت ضیاء الامت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللّٰہ علیہ کے احساسات و مدرکات ہمیشہ رضائے الٰہی کے گرد محو طواف رہتے تھے، حکمۃ الاسبوع کے نام سے ہر جمعرات اپنے طلبہ کو جو پند و نصائح کے موتی آپ عطا فرماتے، ان میں بکثرت آپ یہ آیت تلاوت فرماتے۔
قل ان صلاتی و نسکی و محیای و مماتی للّہ رب العالمین
(اے میرے میٹھے لہجے والے، پیاری اداؤں والے محبوب) آپ دنیا کو یہ روشن حقیقت بتا دیجیے، بے شک میری نماز، میری قربانی، میری زندگی کا لمحہ لمحہ، اور میری موت یہ سب کچھ اللہ تعالی کے لیے ہیں، جو سارے جہانوں کو نکتہ آغاز سے اٹھا کر معراج کمال تک پہنچانے والا ہے۔
حضرت ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ اتنی دل سوزی اور اخلاص کے ساتھ اسکی وضاحت فرماتے ایسے لگتا جیسے آپ اپنے سامنے زانوئے تلمذ طے کرنے والوں کی رگ رگ میں اسکا مفہوم اتار دینا چاہتے ہیں۔
آپ کے صبح و مسا محبت الہی کے چراغوں سے روشن تھے، آپکے سفر و حضر کا اثاثہ ذکر الہی تھا، آپکے عسر و یسر میں توکل و شکر کی چمک موجود تھی۔
1967-68ء کی بات ہے آپ سبق پڑھانے کے لیے اپنی مسند شریف پر رونق افروز ہوئے تو بدر کامل جیسے چہرے پر ہم نے کچھ پریشانی کے آثار دیکھے، اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ ایک صاحب جمال شخصیت تھے، لیکن اللہ کریم نے آپ کو حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی نُصِرْتُ بِالرُّعْب کی شان کا فیض بھی عطا فرما رکھا تھا، اس لیے کسی کو پوچھنے کی جرات نہ ہوئی۔
مولانا پیر عبد الباری چشتی صاحب خلیفہ مجاز آستانہ عالیہ بھیرہ شریف فرماتے ہیں کہ میرے اوپر آپ حد درجہ مہربانی فرمایا کرتے تھے، مجھے بھی فوری پوچھنے کی جرأت نہ ہو سکی لیکن ذہن میں پروگرام بنایا کہ پیریڈ کے بعد عرض کرتا ہوں، ابھی ہم سبق پڑھ رہے تھے کہ ڈاکیا فضل کریم حاضر ہوا اور اس نے آپ کی خدمت میں منی آرڈر پیش کیا، دیکھ کر آپکی طبیعت نہال ہو گئی، چہرہ مبارک پر گل نو شگفتہ کی تازگی نظر آنے لگی۔
:آپ نے ارشاد فرمایا
عزیزان! آپ کو معلوم ہے کہ میں ہر ماہ کی 6 تاریخ کو دارالعلوم محمدیہ غوثیہ کے اساتذہ کرام کو تنخواہ پیش کرتا ہوں، آج صبح جب میں نے سیکرٹری صاحب سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ دارالعلوم کے پاس کوئی شے نہیں اور نہ ہی آپ کے گھر والے کھاتہ میں کوئی چیز ہے۔
فکر دامن گیر تھی کہ اساتذہ کرام کی تنخواہ کا کہاں سے انتظام کروں، کس دوست سے ادھار لیا جائے، بس سبق کے دوران بھی ذھن اسی خیال میں تھا۔
دیکھیں! میرا رب کتنا کریم ہے, کہ اس نے اتنے ہی پیسے بهجوا دیے ہیں جتنی ہمیں فوری ضرورت تھی ہمارے ادارے کے اساتذہ کرام کی تنخواہ 6000 بنتی ہے اور الحمدللہ میرے مالک نے پورے چھ ہزار ہی عطا فرمائے ہیں۔
مولانا عبدالباری صاحب ارشاد فرماتے ہیں کہ وہ منی آرڈر حیدرآباد سے آیا تھا، حضور ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ نے پہلے دن تو ارشاد فرمایا پتہ نہیں، یہ کون اللہ کا بندہ ہے، جس کے دل میں اللہ نے یہ بات ڈال دی ہے، لیکن جب اگلے دن ہم لوگ کلاس میں گئے تو آپ نے ارشاد فرمایا کہ مجھے وہ دوست یاد آگئے ہیں، وہاں حیدرآباد میں کچھ عرصہ پہلے ایک کانفرنس میں، میں گیا تھا۔۔۔۔تو وہاں مجھے ملے تھے وہ ایک بزنس مین business man تھے۔
قارئین کرام! جو لوگ اللہ کے لیے اپنے آپ کو خالص کر دیتے ہیں، تو اللہ کریم اسی طرح اپنے بندوں کے دلوں میں ان کے مشن کے لیے تڑپ ڈال دیتا ہے، اللہ کریم حضور ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ کے مشن کو دن دگنی رات چگنی ترقی نصیب فرمائے، اور حضور جانشین ضیاءالامت حضرت قبلہ پیر محمد امین الحسنات شاہ صاحب(سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیرہ شریف) کی ذات گرامی سے زیادہ سے زیادہ امت مسلمہ کو مستفید ہونے کی توفیق نصیب فرمائے، اللہ کریم آپ کو عمرِ خضری نصیب فرمائے، اور آپ کا سایہ ہمارے سر پر سلامت رہے۔ آمین بجاہ سیدالمرسلین صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم
:اعلیٰحضرت اور ضیاءالامت میں ذھنی قربتیں اور فکری مماثلت
یہ ایک بدیہی حقیقت ہے کہ اولاد صلبی ہو یا روحانی بہرحال بہت عزیز ہوتی ہے انسان اس کے روشن مستقبل کا شدت سے خواست گار ہوتا ہے اور اس کی صبح فردا میں رنگ بھرنے کیلئے بہتر سے بہتر انتظام کرتا ہے بچے کی تعمیر شخصیت میں والدین کی افتاد طبع،قلبی لگاؤ اور ذہنی رجحانات بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں ذی شعور حضرات بچے کے مستقبل کا فیصلہ کرتے ہوئے ہمیشہ اچھے سے اچھے ادارے اور قابل سے قابل استاد کا انتظام کرتے ہیں اس لحاظ سے جب ہم آستانہ عالیہ حضرت امیر السالکین پہ تیار ہونے والی عبقری شخصیت فرد فرید،مفکر اسلام،مفسر قرآن،نباض عصر،ضیاء الامت حضرت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللہ علیہ کو دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ آپ کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے حضور غازی اسلام پیر محمد شاہ رحمتہ اللہ علیہ نے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا اس مقصد کے لیے وقت کے جید ترین علماء کا انتخاب آپ کی مردم شناسی کی بہت بڑی دلیل ہے۔جب حضور ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ درس نظامی مکمل کر چکے تو آپ کے والد گرامی نے دورہ حدیث شریف کے لیے جس عظیم محدث کا انتخاب فرمایا وہ اعلیٰحضرت فاضل بریلوی رحمتہ اللہ علیہ کے مقتدر خلیفہ مجاز،علم و عرفان کے بحر زخار،صدرالافاضل،حضرت سید محمد نعیم الدین مراد آبادی رحمتہ اللہ علیہ ہیں۔
آپ کی فراغت کے وقت حضرت صدرالافاضل نے ارشاد فرمایا کہ آج میں مطمئن ہوں کہ میرے پاس حدیث شریف کی جو امانت تھی وہ میں نے موزوں ترین شخصیت تک پہنچا دی ہے شریعت،طریقت اور معرفت الہی کا وہ فیضان جو اعلیٰحضرت فاضل بریلوی رحمتہ اللہ علیہ کے سینۂ مبارک سے آپ کو عطا ہوا تھا وہ آپ نے حضرت ضیاء الامت کے سینۂ بے کینہ میں انڈیل دیا آج حضرت الامت رحمۃ اللہ علیہ کی ذات گرامی سے اکتساب نور کرنے والے تمام علماء حضرت صدرالافاضل کے واسطہ سے فیضان اعلی حضرت کے امین ہیں۔
:اعلیٰحضرت کی ذات گرامی سے ذہنی قربت اور فکری یکسانیت کی دوسری دلیل یہ ہے
کہ جب حضرت علامہ مولانا عبدالکریم چشتی المعروف محدث ابدالوی رحمۃ اللہ علیہ نے درسیات مکمل کیں تو وہ اپنے مرشد گرامی حضرت غازیٔ اسلام پیر محمد شاہ رحمتہ اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی حضور دورہ حدیث شریف کے لیے کس بزرگ کے پاس جاؤں آپ عمرہ کے لئے تیار تھے فرمایا واپسی پر بتائیں گے واپس تشریف لائے تو فرمایا مدینہ طیبہ سے یہ فقیر تمہارے لیے استاد محترم کے انتخاب کا تحفہ لایا ہے شہر خوباں میں میری ملاقات ایک عالم ربانی سے ہوئی ہے وہ حضرت مولانا احمد رضا خاں فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کے شاگرد اور خلیفہ ہیں یہاں پاکستان میں لائلپور میں ہوتے ہیں۔
سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ ناز میں میں نے جب بھی انہیں دیکھا ہے ادب و نیاز میں ڈوبے ہوئے دیکھا ہے ان کا اسم گرامی مولانا سردار احمد صاحب ہے آپ ان کے پاس جائیں انہیں میرا بتانا انشاءاللہ ضرور باریابی فرمائیں گے۔
اسی نظریاتی ہم آہنگی اور فکری یکسانیت کی وجہ سے حضرت ضیاء الامت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللہ علیہ نے دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف کی مقاصد تاسیس والی لوح حجری کے اوپر یہ کلمات واضع الفاظ میں لکھوائے تھے کہ اس دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف کا پرنسپل اور آستانہ عالیہ حضرت امیر السالکین کا سجادہ نشین عقائد اہل سنت و جماعت کا پابند ہوگا جس کی ترجمانی حضرت مولانا شاہ احمد رضا خان فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ نے کی ہے۔
اعلیٰحضرت فاضل بریلوی رحمتہ اللہ علیہ نے جو 10 نکاتی تعلیمی ایجنڈا اہلسنت کی زبوں حالی کو دور کرنے کے لئے،معاشرے میں اپنی مضبوط حیثیت منوانے کے لئے اور عصری چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پیش فرمایا تھا اس ایجنڈے کا مطالعہ کرنے کے بعد جب کوئی اس کی عملی اور پریکٹیکل صورت دیکھنے کے لیے جستجو کرتا ہے تو اس کی نظر حضور ضیاء الامت رحمۃ اللّٰہ علیہ کی ذات گرامی پر ہی جا کر ٹھہرتی ہے۔
:ان کا پیش کردہ دس نکاتی ایجنڈا حسب ذیل ہے۔
عظیم الشان مدارس کھولے جائیں،باقاعدہ تعلیمیں ہوں۔
طلبہ کو وظائف ملیں کہ خواہی نہ خواہی گرویدہ ہوں۔
مدرسین کو بیش قرار تنخواہیں ان کی کارکردگی پر دی جائیں۔
طبائع طلبہ کی جانچ ہو جو جس کام کے زیادہ مناسب دیکھا جائے معقول وظیفہ دے کر اس میں لگایا جائے۔
جو طلبہ تیار ہوتے جائیں تنخواہیں دیکر ملک میں پھیلائے جائیں کہ وہ اشاعت دین و مذہب کریں۔
حمایت مذہب و ردبد مذھباں میں مفید کتب و رسائل مصنفوں کو نذرانے دے کر تصنیف کرائے جائیں۔
تصنیف شدہ اور نو تصنیف رسائل عمدہ اور خوش خط چھاپ کر ملک میں مفت تقسیم کیے جائیں۔
شہروں شہروں آپکے سفیر نگران رہیں جہاں جس قسم کی حاجت ہو آپ کو اطلاع دیں۔
جو ہم میں قابل کار موجود اور اپنی معاش میں مشغول ہیں وظائف مقرر کرکے فارغ البال بنائے جائیں اور جس کام میں انہیں مہارت ہو لگائے جائیں۔
آپ کے مذہبی اخبار شائع ہوں اور وقتاً فوقتاً ہر قسم کے حمایت مذہب میں مضامین تمام ملک میں بقیمت و بلا قیمت روزانہ یا کم سے کم ہفتہ وار پہنچاتے رہیں۔
حدیث کا ارشاد ہے کہ آخر زمانہ میں دین کا کام بھی درہم و دینار سے چلے گا اور کیوں نہ صادق ہو کہ صادق و مصدوق صلی اللہ علیہ وسلم کا کلام ہے۔
یقینا یہ تعلیمی پروگرام اس دور کا شدید تقاضا تھا کیونکہ 1857ء کی جنگ آزادی کے بعد تقریباً
ایک لاکھ علماء شہید کر دیئے گئے۔
ہزاروں کی تعداد میں علماء کو پار دریائے شور کی سزائیں دی گئیں۔
اُن کی لائبریری پر قبضہ کرلیا گیا۔
مدارس کے اوقاف برباد کر دیئے گئے۔
اس خونچکاں ماحول میں علم ہی ایک ایسی پاورفل چیز تھی جو زوال کی دلدل میں پھنسی ہوئی قوم کو عروج آشنا کر سکتی تھی
یہ 10 نکاتی پروگرام دراصل ملت بیضا کی بیداری کا خواب تھا،جس کی عملی تعبیر کے لیے جن علماء و مشائخ نے انفرادی یا اجتماعی کوشش کی
سب قابل تحسین ہیں۔لیکن اس میدان میں جو کام حضور ضیاء الامت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللہ علیہ نے کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اور یہ فقط دعوی نہیں ایک روشن حقیقت ہے۔
حضور ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ کے سینے سے نکلنے والا نور اس وقت عالمگیر حیثیت اختیار کر چکا ہے قطب شمالی سے لےکر قطب جنوبی تک کون سا وہ خطۂ زمین ہے جہاں حضورضیاءالامت کے شاگرد کام نہیں کر رہے۔
مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اس وقت پاکستان کی تمام یونیورسٹیز میں بھیرہ شریف کے علماء تدریسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ کالجز میں،اسکولز میں،دینی مدارس میں علمائے بھیرہ خدمت دین متین اور خدمت علم کا فریضہ ادا کر رہے ہیں۔ عسا کر پاکستان میں سینکڑوں علماء بطور خطیب اور نائب خطیب کام کر رہے ہیں،آزاد کشمیر میں تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ علماء کا ایک معتدبہ حصہ بطور تحصیل قاضی اور ضلع قاضی تعینات ہے،بعض احباب مقابلہ کے امتحان پاس کرکے اعلی انتظامی عہدوں پر بھی فائز ہیں۔
غوثیہ گرلز کالج
سے فراغت پانے والی عالمات جہاں اپنے گھروں میں دین کے چراغ جلائے ہوئے ہیں وہاں ساتھ ہی ساتھ گورنمنٹ سیکٹر کے تعلیمی سسٹم میں بھی اپنا فعال ترین کردار ادا کر رہی ہیں ان تمام علماء وعالمات کی پہلی ترجیح علم کے ساتھ ساتھ معاشرہ کو عقیدہ کی صحت اور عمل کی پختگی کا تحفہ دینا ہے۔
حضور ضیاالامت کے کاروان علم کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس میں شخصیت پرستی نہیں سکھائی جاتی بلکہ اسلام کے آفاقی پیغام سے نسل نو کو روشناس کرایا جاتا ہے انہیں فلاں شخصیت زندہ باد کے نعرے نہیں سکھائے جاتے بلکہ انہیں
الاسلام زندہ باد
کا سبق پکوایا جاتا ہے۔
حضور سیدی و مرشدی حضرت قبلہ پیر محمد امین الحسنات شاہ صاحب مدظلہ العالی کی قیادت و سیادت میں یہ کاروانِ شعور پوری آب و تاب کے ساتھ رواں دواں ہے۔ مستقبل قریب میں اس تحریک نور کے اثرات آفتاب آمد دلیل آفتاب کے طور پر نمایاں ہوں گے انشاءاللہ
آفاق میں پھیلے گی کب تک نہ مہک تیری
گھر گھر لیے پھرتی ہے پیغام صبا تیرا
اور بقول کسے۔۔۔۔
بجتا ہے آج علم کا جو ساز دوستو
وہ بھی ہے اسی جرس کی آواز دوستو
جذبۂ اخلاص و للہیت:
بندہ مومن کی سب سے قیمتی متاع جذبۂ اخلاص و للہیت ہے اگر یہ جوھر نصیب نہ ہو تو بڑی سے بڑی قربانی رائیگاں چلی جاتی ہے۔
اعلیٰحضرت بریلوی رحمۃ اللہ علیہ اور حضور ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ ہر دو شخصیات خالص سونے کی طرح صاحب اخلاص تھیں ان کے روشن کردار کی چند جھلکیاں پیش خدمت ہیں۔
اعلی حضرت کے ایک شاگرد سید حمید الرحمن نے یکم ذولحج 1339ء کو بنگلہ دیش سے ایک خط بھیجا جس میں انہوں نے ایک مسئلہ پوچھا تھا صورت مسؤلہ کے بعد آخری سطر یہ تھی۔
ایک روپیہ بطور استاذی خدمت کے روانہ کیا جاتا ہے۔
جواب میں لکھتے ہیں جواب مسئلہ حاضر ہے۔
الحمدللہ کہ آپ کا روپیہ نہ آیا اگر آتا اور لاکھ روپے بھی ہوتے بعونہ تعالی واپس کیے جاتے۔یہاں بحمدہ تعالیٰ نہ رشوت لی جاتی ہےاور نہ فتوی پر اجرت
آئیے حضور ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہ میں چلتے ہیں۔یہ ہستی دیکھئے اخلاص و للہیت کے کس مقام پر فائز تھی۔
دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ کی 1957 میں نشاۃثانیہ فرمائی۔
تدریسی خدمات بھی سرانجام دیں اور تعمیری کام میں بنفس نفیس گارا اینٹیں اٹھاتے رہے۔
استفتاء بھی تحریر فرماتے رہے اور سائلین کے جوابات بھی ارشاد فرماتے رہے۔
دارالعلوم کے جملہ اساتذہ اور طلبہ کے اخراجات کا انتظام بھی فرماتے رہے۔
محلہ سے روٹی مانگنے کا تصور آپ نے ہی ختم فرمایا تھا۔
آپ فرماتے کہ اس سے عالم دین کی عزت نفس مجروح ہوتی ہے۔
ابتداءً تو آپ نے ختمات قرآنی کے اوپر بھی اس لیے پابندی عائد کر رکھی تھی کہ ہمارے بچے روٹی کیلئے کسی اور کے دروازے کو نہ دیکھیں۔
آپ اس ادارہ کے مؤسس ثانی بھی تھے،مدرس بھی تھے،منتظم بھی تھے،اس کے مفتی بھی تھے،اس سب کچھ کے باوجود تنخواہ لینا تو بہت دور کی بات ہے،آپ نے ساری زندگی ادارے کا نمک تک استعمال نہیں کیا
اور پھر جب یہ ڈیوٹیاں اپنے سجادہ نشین صاحب کے سپرد فرمائیں تو ارشاد فرمایا:
بیٹا دارالعلوم کے معاملے میں اس فقیر نے ہمیشہ روزہ رکھا ہے تم بھی اسی جادۂ محبت پہ قائم رہنا۔اللہ کریم تمہیں لوگوں کے سامنے رسوا نہیں ہونے دے گا۔
حضور ضیاءالامت رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی حیات مبارکہ کے صرف چند روز ہی اخلاص کے ساتھ نہیں گزارے بلکہ آپ کی زندگی کا لمحہ لمحہ للہیت سے معمور ہے۔
آپ رؤیت ہلال کمیٹی کے چیئر مین رہے۔
پاکستان سپریم کورٹ کے شریعت اپیلنٹ بینچ میں عدالتی خدمات سر انجام دیں اور ان سب چیزوں کا اجر اپنے رب کریم کی نگاہ محبت پہ چھوڑے رکھا۔
آپ اپنے تلامذہ کو بھی کثرت سے اس آیت کے مفاھیم سمجھاتے۔اور بار بار سمجھاتے۔
قُلْ إِنَّ صَلَاتِي وَنُسُكِي وَمَحْيَايَ وَمَمَاتِي لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔
اے میرے محبوب آپ فرما دیجئے۔۔۔بے شک میری نماز،میری قربانی،میری زندگی کا لمحہ لمحہ اور میری موت اللہ کے لئے ہے جو سارے جہانوں کا پروردگار ہے۔
ایک دفعہ آپ بیرون ملک کسی سرکاری دورے سے واپس تشریف لائے تو طلباء نے عرض کی حضور چھوٹے چھوٹے لوگ جب باہر دورے پر جاتے ہیں تو اخباروں میں سرخیاں چھپتی ہیں آپ اتنے اہم ملکی مفادات کے لئے تشریف لے جاتے ہیں نہ کوئی جانے کی خبر نہ آنے کا پتہ۔۔۔۔!!!
آپ نے ارشاد فرمایا:
میرے بچو! میں اس خبر کا ہرگز طالب نہیں جو آج تو اخبار کی زینت ہو اور کل ردی کی ٹوکری میں پڑی ہو میں تو اس خبر کا طالب ہوں کہ کل جب اس فقیر کی آنکھیں بند ہوں تو میرا رب فرمائے کہ میں کرم شاہ سے راضی ہوں۔
میری زندگی کا مقصد تیرے دیں کی سرفرازی
میں اسی لیے مسلماں میں اسی لیے نمازی میں
روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پہ حاضری:
سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں حاضری کے لئے کس مسلمان کے دل میں تڑپ اور کشش نہیں ہوتی ہر مسلمان ہی اس کا خواہشمند ہوتا ہے لیکن اعلی حضرت اور حضور ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہما کی حاضری ایک عاشق رسول کے راہوار شوق کو اور مہمیز لگا دیتی ہے اعلی حضرت جب اس رشک عرش بارگاہ .میں حاضر ہوتے ہیں